خسرہ وروبیلا مہم میں تمام حفاظتی تقاضے پورے کرنیکی ہدایت

خسرہ وروبیلا مہم میں تمام حفاظتی تقاضے پورے کرنیکی ہدایت

غفلت برداشت نہیں کی جائیگی، ڈی سی ،مختلف یوسیز کا دورہ، انتظامات کا جائزہ

ملتان (وقائع نگار خصوصی، لیڈی رپورٹر)ضلع ملتان میں بھی ضلع بھر میں خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی ویکسی نیشن مہم کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ،متعلقہ افسروں اور ملازمین کو مہم کے دوران تمام حفاظتی تقاضے پورے کرنیکی ہدایت ۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا، ویکسی نیشن مراکز پر رجسٹریشن، کولڈ چین، ریکارڈ کیپنگ اور عملے کی کارکردگی کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھاکہ مہم میں 6 ماہ سے 5 سال تک کے بچوں کو خصوصی حفاظتی ٹیکے لگائے جا رہے ہیں، محکمہ صحت کی فیلڈ ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں تک رسائی یقینی بنا رہی ہیں اور شہریوں میں حفاظتی ٹیکوں کی اہمیت سے متعلق آگاہی بھی فراہم کر رہی ہیں۔انہوں نے رہائشی علاقوں میں جاکر والدین اور شہریوں سے بھی ملاقات کی اوربچوں کو بروقت ویکسین لگوانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ خسرہ و روبیلا کے کیسز میں اضافہ نہیں ہونے دینگے ، وبائپر قابو پانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت پوری طرح متحرک ہیں، مہم کے دوران گھر گھر رسائی کو یقینی بنانے کے لیے ٹیموں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ سپروائزری عملہ فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی مسلسل مانیٹر کر رہا ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بچوں کی ویکسی نیشن میں بھرپور تعاون کریں تاکہ وبائی امراض کا پھیلاؤروکا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں