نشتر،مریض کے رشتہ دار کی ڈرپ پکڑنے کی ویڈیو وائرل
واقعہ جان بوجھ کر بنایا گیا، شکایات تحریری طور پر رجسٹر کرائیں،ہسپتال انتظامیہ
ملتان (لیڈی رپورٹر) نشتر ہسپتال ملتان کے وارڈ 06 میں مریض کے رشتہ دار کی ڈرپ پکڑے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں دکھایا گیا کہ زیر علاج مریض کی ڈرپ سٹینڈ نہ ہونے کی وجہ سے رشتہ دار نے ڈرپ پکڑ کر کھڑا رہنا پڑا۔نشتر ہسپتال کے ترجمان نے بتایا کہ ایسے کسی واقعے کی کوئی تحریری شکایت موصول نہیں ہوئی اور ویڈیو کی ابتدائی تحقیقات سے یہ ثابت ہوا کہ کسی نے شرارت یا جان بوجھ کر یہ ویڈیو اس وقت بنائی جب وارڈ اٹینڈینٹ ڈرپ سٹینڈ لینے گیا تھا۔ ویڈیو میں ساتھ والے بستر پر ڈرپ سٹینڈ موجود ہے ، جو معاملے کو واضح کرتا ہے ۔ہسپتال انتظامیہ نے واضح کیا کہ مریضوں کو چوبیس گھنٹے بہترین علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے ۔ مریضوں کے لواحقین اور ہسپتال آنے والے افراد سے التماس کیا گیا ہے کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں ڈیوٹی پر موجود ڈی ایم ایس ہسپتال سے رابطہ کر کے تحریری طور پر شکایت رجسٹر کروائیں تاکہ فوری ازالہ ممکن ہو سکے ۔