صدرمظفرگڑھ بار کے انتقال کے بعد عبور ی صدر کی تعیناتی
روزینہ یقین راؤ کی صدارت ختم ، نئے صدر جام یونس کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عبدالقیوم خان دستی کے انتقال کے بعد پنجاب بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے صرف دو دن میں صدر کی تعیناتی کے نوٹیفکیشن جاری کیے ۔ 15 نومبر کو علالت کے باعث انتقال کرنے والے سردار عبدالقیوم خان دستی کے بعد 17 نومبر کو نائب صدر روزینہ یقین راؤ کو صدر مقرر کیا گیاجس پر وکلاء نے انہیں مبارکباد دی اور مٹھائیاں تقسیم کیں تاہم ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی نے جنرل سیکرٹری محمد فہیم بھٹہ کے ذریعے پنجاب بار کونسل کو ریفرنس بھیجا جس میں کہا گیا کہ خاتون نائب صدر کی صدارت سے وکلاء میں بے چینی پائی جاتی ہے اور نوٹیفکیشن واپس لیا جائے ۔اس کے بعد 18 نومبر کو پنجاب بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے نیا نوٹیفکیشن جاری کیا جس میں روزینہ یقین راؤ کی صدارت ختم کرتے ہوئے حالیہ ممبر پنجاب بار کونسل جام محمد یونس کو عبوری صدر تعینات کیا گیا۔ کمیٹی نے بتایا کہ عبوری صدر کے تعین کے ذریعے انتخابی عمل میں شفافیت اور ٹرانسپرنسی کو یقینی بنایا جائے گا۔جام محمد یونس کی عبوری صدارت کے اعلان پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلاء نے بڑی تعداد میں انھیں مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ یہ اقدام وکلاء میں اعتماد سازی اور آئندہ انتخابات کے شفاف انعقاد کے لیے اہم قرار دیا گیا ہے ۔