سنوکر کلب جوئے کے اڈوں میں تبدیل، نوجوان نسل تباہ
خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)شہر میں سنوکر کلبوں کا بڑھتا ہوا رجحان نوجوانوں کی تعلیم اور تربیت کیلئے خطرناک شکل اختیار کر گیا ہے ۔ ۔۔۔
متعدد علاقوں میں سنوکر کلب جوئے کے اڈوں کا روپ دھار چکے ہیں جہاں رات گئے تک منشیات اور جوئے کا کھلے عام استعمال جاری ہے ۔تفصیلات کے مطابق جسونت نگر، احمد نگر، مڈووالا چوک، پیپلز کالونی سمیت مختلف مقامات پر قائم کلبوں میں کم عمر بچے اور نوجوان وقت گزارتے ہیں۔ والدین کے مطابق یہ مراکز نوجوانوں کو آوارہ رویوں، غیر اخلاقی سرگرمیوں اور لت میں مبتلا کر رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ تھانوں کی پولیس صورتحال سے آگاہ ہونے کے باوجود کارروائی سے گریزاں ہے ۔ عوام نے ڈی پی او خانیوال سے فوری کارروائی اور شہر بھر کے سنوکر کلبوں کی سخت نگرانی کا مطالبہ کیا ہے ۔