صدرِ مملکت آصف زرداری کی فن لینڈ کو 108 ویں یوم آزادی پر مبارکباد
اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر آصف علی زرداری نے فن لینڈ کے 108 ویں یوم آزادی پر مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے فن لینڈ کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان، فن لینڈ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور فن لینڈ جمہوری قدروں اور تکثیریت میں ہم خیال ہیں، فن لینڈ تعلیم، جدت اور تحقیق میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فن لینڈ کی مسلسل آٹھ برس گلوبل ہیپی نیس انڈیکس میں پہلی پوزیشن اس کے عوام کی تخلیقی صلاحیت اور ثابت قدمی کا اظہار ہے، فن لینڈ کے ساتھ اشتراکِ عمل مزید بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں، دونوں ممالک عالمی امور پر قریبی ہم آہنگی رکھتے ہیں۔
صدر زرداری نے کہا کہ تجارت، تعلیم اور گرین ٹرانزیشن میں تعاون کے وسیع امکانات ہیں، ڈیجیٹلائزیشن، مائننگ اور ٹیلی کام میں مشترکہ کام کی بڑی گنجائش ہے، پاکستان فن لینڈ کے ساتھ سیاسی و تجارتی روابط بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔