حیدر آباد میں ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کی غائبانہ نماز جنازہ ادا

حیدرآباد: (دنیا نیوز) ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کی شہادت پر جماعت اسلامی کی جانب سے غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔

حیدر چوک پر ادا کی جانے والی نماز جنازہ میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، نماز جنازہ کے بعد شہداء کی بخشش جنگ میں ایران کی فتح کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

شرکاء نے اسرائیل و امریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی، شرکاء کا کہنا تھا کہ پہلی بار اسرائیل اور امریکہ نے مل کر ایران پر حملہ کیا جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک کو مل کر امریکہ و اسرائیل کو منہ توڑ جواب دینا چاہئے، غائبانہ نماز جنازہ میں شیعہ تنظیموں کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی، پولیس کی بھاری نفری غائبانہ نماز جنازہ کے موقع پر تعینات رہی۔

واضح رہے کہ 1989ء سے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو امریکی و اسرائیلی حملے میں اس وقت قتل کیا گیا جب وہ اپنے دفتر میں اپنے فرائض منصبی انجام دے رہے تھے، ایرانی حکومت نے ان کی شہادت پر سات روزہ تعطیل اور چالیس روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

ایران نے خامنہ ای کی شہادت کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ اسرائیلی اور امریکی اڈوں پر حملوں کی نئی لہر شروع کی جائے گی۔

خیال رہے کہ آیت اللہ خامنہ ای نے آخری خطاب میں آخری دعا مانگی تھی کہ یااللہ مجھے شہادت نصیب فرما، یاللہ مجھے شہدا کے ساتھ رکھنا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں