جانوروں سے دودھ کے حصول کیلئے ٹیکوں کا استعمال معمول

جانوروں سے دودھ کے حصول کیلئے ٹیکوں کا استعمال معمول

مضر صحت ٹیکو ں سے کم عمری کی بلوغت، مویشیوں کی صحت تباہ ہونے لگی

خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ضلع بھر میں دودھ کی پیداوار بڑھانے کیلئے مویشی پال حضرات کی جانب سے آکسی ٹوسن ٹیکوں کا استعمال معمول بنتا جا رہا ہے جو انسانی صحت کیلئے نہایت نقصان دہ ہے ۔ شہریوں کے مطابق محکمہ لائیوسٹاک کے ذمہ داران صورتحال کے باوجود خاموش ہیں۔تفصیلات کے مطابق آکسی ٹوسن ایک ہارمون ہے جو دودھ اتارنے کیلئے استعمال ہوتا ہے ، مگر اس کا بے دریغ انجکشن مویشیوں میں پیچیدہ بیماریوں کا سبب بنتا ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان ٹیکوں سے حاصل شدہ دودھ کے استعمال سے انسان، خصوصاً بچے ، مختلف امراض کا شکار ہو رہے ہیں اور کم عمری میں ہی بلوغت شروع ہو جاتی ہے ۔شہریوں نے سیکرٹری لائیوسٹاک، کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر خانیوال سے مطالبہ کیا ہے کہ آکسی ٹوسن ٹیکوں کی فروخت اور استعمال پر سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کی صحت کو تحفظ مل سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں