کرم پور کی خستہ حال سڑکیں، شہری شدید پریشان
ٹریفک میں رکاوٹ، حادثات میں اضافہ؛ شہریوں کا فوری نوٹس کا مطالبہ
وہاڑی (خبر نگار، نمائندہ خصوصی) کرم پور کی سڑکوں کی ابتر صورتحال نے شہریوں کی زندگی مشکل بنا دی ہے ۔ مقامی رہنما چودھری کاشف غفور نے کہا کہ کئی عرصے سے گلیاں، بازار اور مرکزی شاہراہیں بدترین ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں مگر متعلقہ محکموں نے تاحال کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ گڑھوں سے بھری سڑکیں ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ اور موٹر سائیکل سواروں خصوصاً بزرگ شہریوں کے لیے حادثات کا مستقل سبب بن چکی ہیں۔ بارش میں صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے جب پانی جمع ہونے سے راستے مکمل طور پر ناقابلِ استعمال ہو جاتے ہیں۔کاشف غفور نے کہا کہ ہزاروں شہری روزانہ انہی ٹوٹی سڑکوں سے گزرنے پر مجبور ہیں جبکہ انتظامیہ کی خاموشی تشویش ناک ہے ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر ملتان، ڈپٹی کمشنر وہاڑی اور ہائی ویز ڈیپارٹمنٹ سے مطالبہ کیا کہ فوری نوٹس لے کر سڑکوں کی مرمت و تعمیر کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کیا جائے تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولت میسر آ سکے ۔