پولیس اہلکار کی شہری سے مبینہ بدسلوکی، شہریوں کا سخت ردِ عمل
ٹریفک چیکنگ کے دوران تلخ کلامی ہوئی، ڈی پی او سے انکوائری کا مطالبہ
وہاڑی (خبر نگار، نمائندہ خصوصی) وی چوک وہاڑی میں ٹریفک پولیس کی چیکنگ کے دوران شہری کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کے واقعہ نے شہریوں میں تشویش پیدا کر دی۔ عینی شاہدین کے مطابق ایس ایچ او تھانہ دانیوال نے چیکنگ کے دوران ایک شہری سے تلخ کلامی کی اور مبینہ طور پر تھپڑ مارنے کی دھمکی بھی دی۔لوگوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کے نفاذ کے نام پر کسی کی عزتِ نفس مجروح کرنا ناقابلِ برداشت ہے ۔ شہریوں کے مطابق وی چوک اہم ترین ٹریفک پوائنٹ ہے مگر بعض اہلکار چالان یا چیکنگ کے دوران غیر ضروری سختی اور غیر مہذب رویہ اختیار کرتے ہیں۔مقامی افراد نے کہا کہ اس طرح کے واقعات نہ صرف پولیس کی ساکھ متاثر کرتے ہیں بلکہ عوام کا اعتماد بھی کمزور ہوتا ہے ۔ شہریوں نے ڈی پی او وہاڑی سے واقعہ کی فوری، شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری کا مطالبہ کیا ہے ۔