پولیو مہم، دو سال سے کم عمر بچوں کا ڈیجیٹل ریکارڈ تیار کرنیکا فیصلہ
مکمل، جزوی اور زیرو ڈوز بچوں کا اندراج،ڈیٹا 24 دسمبر تک اپ لوڈ ہوگا
وہاڑی (نمائندہ خصوصی) چیف ایگزیکٹو آفیسر صحت ڈاکٹر فہد وحید نے کہا ہے کہ پولیو مہم کے دوران دو سال سے کم عمر بچوں کا مکمل ڈیجیٹل ریکارڈ تیار کیا جائے گا تاکہ کوئی بچہ حفاظتی ٹیکوں سے محروم نہ رہے ۔انہوں نے بتایا کہ ای پی آئی ٹیمیں پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے ساتھ دو سال سے کم عمر بچوں کا تفصیلی ڈیٹا اکٹھا کریں گی جس میں مکمل ویکسین شدہ، جزوی ویکسین شدہ اور زیرو ڈوز بچے شامل ہوں گے ۔ ڈیٹا ویکسینیشن کارڈ سے نوٹ کیا جائے گا اور کارڈ نہ ہوسکا تو والدین کے فراہم کردہ معلومات درج ہوں گی۔محکمہ صحت وہاڑی روزانہ کی بنیاد پر اعداد و شمار صوبائی ای پی آئی کو بھجوائے گا، جبکہ تمام ریکارڈ 24 دسمبر 2025 تک HISDU پولیو پورٹل پر ڈیجیٹائز کر دیا جائے گا۔ڈاکٹر فہد نے کہا کہ ان اعداد و شمار کی مدد سے ہر بچے کی ویکسینیشن کا مکمل سفری ریکارڈ تیار ہوگا جبکہ جن بچوں نے تمام ٹیکے نہیں لگوائے انہیں جنوری 2026 میں خصوصی امنیونائزیشن سوئپس کے ذریعے مکمل ویکسین دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موسمِ سرما میں ممکنہ بیماریوں سے بچاؤ کے لیے یہ اقدام نہایت اہم ہے ۔