زیر تعمیر سڑک پر گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق
حادثہ پتھروں کے ڈھیرکی وجہ سے پیش آیا، متبادل مقام پر منتقل کرنیکا مطالبہ
میلسی (نامہ نگار،نمائندہ دنیا)موضع زرین میں زیر تعمیر سڑک پر گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار نوجوان محمد عمیر سکنہ جھوک جندو موقع پر جاں بحق، حادثہ سڑک کنارے رکھے گئے پتھروں کے ڈھیر کے باعث پیش آیا۔عینی شاہدین کے مطابق ٹھیکیدار نے جلہ جیم کے قریب میاں مالک کی کاٹن فیکٹری کے ساتھ تعمیراتی کام کے لیے بڑی مقدار میں پتھر کے ڈھیر سڑک کنارے لگا رکھے تھے جن سے پہلے بھی متعدد حادثات ہو چکے ہیں۔ مقامی رہائشیوں نے کئی بار انتظامیہ کو آگاہ کیالیکن کسی نے عملی اقدام نہیں اٹھایا۔گزشتہ روز ایک تیز رفتار نامعلوم گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں نوجوان جاں بحق ہوا۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور لاش کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میلسی منتقل کیا۔پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔ مکینوں نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ زیر تعمیر سڑک کے لیے رکھے گئے پتھروں کے ڈھیر مناسب متبادل مقام پر منتقل کیے جائیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے ۔