بوریوالاکاسیوریج سسٹم تباہ، سڑک کھنڈر بن گئی، مکین پریشان
الہ آباد کالونی و ملحقہ دیہات متاثر،گندا پانی فلٹریشن پلانٹ کی لائنوں میں شامل
بورے والا (سٹی رپورٹر) الہ آباد کالونی اور قریبی دیہات میں سیوریج سسٹم کی تباہ حالی نے شہریوں کی روزمرہ زندگی بری طرح متاثر کر دی ہے ۔ علاقے کو شہر سے ملانے والی مرکزی سڑک سیوریج لائنوں کی بار بار بندش کے باعث کھنڈر کا منظر پیش کر رہی ہے ۔ سڑک کے ٹوٹ پھوٹ کا یہ سلسلہ کئی ہفتوں سے جاری ہے جس کے باعث آمدورفت شدید متاثر ہے ۔گلی محلوں اور مسجد کے سامنے سیوریج کا پانی مسلسل کھڑا رہنے سے نمازیوں، خواتین، بچوں اور گھریلو صارفین کو شدید دشواریوں کا سامنا ہے ۔ راہگیروں نے بتایا کہ گندا پانی کئی روز سے جمع ہونے کے باعث بدبو اور تعفن پھیل رہا ہے جبکہ بیماریوں کے خدشات میں بھی اضافہ ہو چکا ہے ۔
اہل علاقہ کے مطابق صورتحال اس وقت مزید خطرناک ہو گئی جب سیوریج میں موجود گندا اور کیمیکل زدہ پانی فلٹریشن پلانٹ کی پائپ لائنوں میں شامل ہونا شروع ہو گیاجس کے نتیجے میں عوام کو فراہم کیا جانے والا پینے کا پانی بھی آلودہ ہوگیا ہے ۔ شہریوں نے اسے عوام کی صحت کے ساتھ سنگین کھلواڑ قرار دیتے ہوئے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔سماجی شخصیات اور مقامی رہائشی عمران کونسلر، امین وڑائچ، سجاد احمد، ملک ذوالفقار، نوید آرائیں، حاجی شہباز، جہانزیب ایڈووکیٹ و دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کے اس دور میں بھی لوگ صاف پانی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔ عوامی نمائندے انتخابی وعدے کرکے غائب ہوجاتے ہیں، اب جھوٹے وعدوں پر ووٹ کی طاقت سے احتساب کیا جائے گا۔مکینوں نے کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان، ڈپٹی کمشنر وہاڑی اور اسسٹنٹ کمشنر بورے والا سے فوری نوٹس لینے ، ٹوٹی ہوئی سڑک کی مرمت، سیوریج سسٹم کی مکمل صفائی اور فلٹریشن پلانٹ کے پانی کی کوالٹی چیک کروانے کا مطالبہ کیا ہے ۔