مضرصحت گوشت سپلائی کی کوشش ناکام،3ملزم گرفتار

مضرصحت گوشت سپلائی کی کوشش ناکام،3ملزم گرفتار

فوڈ اتھارٹی نے اڑھائی من گوشت تلف کردیا، مقدمہ درج کرلیا گیا

 ملتان (لیڈی رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے فوڈ سیفٹی ٹیم کی ریکی کے دوران قیصر چوک عبدالحکیم میں گاڑی کی چیکنگ کی۔ ٹیم نے اڑھائی من سے زائد بدبودار اور باسی گوشت برآمد کر کے تلف کیا اور تین افراد کو گرفتار کیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق بدبودار اور رنگ بدل چکا گوشت مختلف فوڈ پوائنٹس پر سپلائی کیا جا رہا تھا، جسے فوری طور پر ضبط کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ تین ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ شہریوں کی صحت کے ساتھ کسی قسم کا کھلواڑ معاف نہیں کیا جائے گا اور دھوکہ دہی میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مضر صحت کھانے یا غیر معیاری فوڈ سپلائی کرنے والوں کی نشاندہی فوری طور پر فوڈ اتھارٹی کو 1223پر اطلاع دے کر کریں۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مضر صحت گوشت کی سپلائی کے خلاف یکے بعد دیگرے کارروائیاں جاری ہیں، تاکہ شہریوں کو صحت مند خوراک میسر ہو اور فوڈ پوائنٹس پر معیار کی خلاف ورزی کرنے والوں کو کڑی سزا دی جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں