سپیشل ایجوکیشن سکول کے زیر اہتمام آگاہی واک کا اہتمام
مقصد خصوصی افراد کے حقوق اور معاشرے میں انکی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا
میاں چنوں (تحصیل رپورٹر) معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر سپیشل ایجوکیشن سکول کے زیر اہتمام آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں خصوصی بچوں، اساتذہ، سرکاری افسران اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ واک کا مقصد خصوصی افراد کے حقوق اور معاشرت میں ان کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔آگاہی واک کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر ساجدہ رزاق، ڈی ایس پی جمشید اکرم اور پرنسپل غازیہ سحر نے کی۔ واک سپیشل ایجوکیشن سکول سے شروع ہو کر سبزی منڈی تک نکالی گئی، جس میں خصوصی بچوں نے پینا فلیکس اور آگاہی بینرز اٹھائے ، جن پر مساوی مواقع، تعلیم اور سہولیات کی فراہمی کے پیغامات درج تھے ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ساجدہ رزاق، ڈی ایس پی جمشید اکرم اور پرنسپل غازیہ سحر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی ضروریات کے حامل بچے توجہ، محبت اور حوصلہ افزائی کے مستحق ہیں اور اگر معاشرہ انہیں برابر مواقع دے تو وہ ہر شعبے میں نمایاں کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔واک میں ایس ایچ او سٹی ارشد جٹ اور ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی شریک ہوئے اور خصوصی بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ شہریوں نے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں معاشرے میں مثبت سوچ اور قبولیت کو فروغ دیتی ہیں۔ آگاہی واک خصوصی افراد کو معاشرتی دھارے میں شامل کرنے کے عزم کی تجدید تھی تاکہ وہ ملک و قوم کی ترقی میں بھرپور حصہ ڈال سکیں۔