میپکو نے زیرالتوا کنکشنز کیلئے میٹریل اجراء کر دیا
نو سرکلوں کو ٹرانسفارمرز اور پلیٹ فارم دے کر تنصیب کا عمل تیز کرنے کی ہدایت
ملتان (خصوصی رپورٹر) ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کے شعبہ میٹریل مینجمنٹ نے زیرالتوا ڈپوزٹ سروس کنکشنوں کی تنصیب کے لئے درکار میٹریل کا اجراء کر دیا ہے ۔ ڈائریکٹر میٹریل مینجمنٹ میپکو ملک جاوید اقبال کے مطابق میپکو کے 9آپریشن سرکلوں کو اکتوبر 2025ء کے اختتام تک ڈیمانڈ نوٹس ادا کرنے والے صارفین کے کنکشنز نصب کرنے کے لئے 25کے وی اے کے 51ٹرانسفارمرز اور 98ڈبل ایج پلیٹ فارمز فراہم کئے گئے ہیں۔تفصیل کے مطابق میپکو بہاولپور سرکل کو 8ٹرانسفارمرز اور 25پلیٹ فارمز، رحیم یار خان سرکل کو 11پلیٹ فارمز، ملتان سرکل کو 18 ٹرانسفارمرز اور 18 پلیٹ فارمز، ڈی جی خان سرکل کو 2 ٹرانسفارمرز اور 2 پلیٹ فارمز، خانیوال سرکل کو 6 ٹرانسفارمرز اور 6 پلیٹ فارمز، مظفرگڑھ سرکل کو 9ٹرانسفارمرز اور 14پلیٹ فارمز، ساہیوال سرکل کو 1 ٹرانسفارمر اور 17 پلیٹ فارمز، بہاولنگر سرکل کو 3 ٹرانسفارمرز جبکہ وہاڑی سرکل کو 4 ٹرانسفارمرز اور 5 پلیٹ فارمز فراہم کئے گئے ہیں۔تمام آپریشن سرکلوں کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ فوری طور پر متعلقہ ریجنل اسٹورز سے میٹریل حاصل کیا جائے اور اسے متعلقہ سب ڈویژنوں کو الاٹ کرکے کنکشنز کی تنصیب کا عمل شروع کرایا جائے ۔ مزید ہدایت کی گئی ہے کہ تمام کنکشنز نصب کرنے کے بعد اس کی جامع رپورٹ میپکو ہیڈ کوارٹر بھیجی جائے ، تاکہ صارفین کو بروقت بجلی کے کنکشن فراہم کئے جا سکیں۔