ثقافتی فروغ اور نئی نسل کیلئے میلوں کا انعقاد ناگزیر،عالمگیر کھچی
دربار پیر بابا معصوم شاہ کے عرس میں شرکت، کبڈی میچ کے دوران گفتگو
میلسی (نامہ نگار )وفاقی وزیر محمد اورنگزیب خان کھچی کے بھائی محمد عالمگیر خان کھچی نے کہا ہے کہ میلوں کے انعقاد کے ذریعے پنجاب کی ثقافت کا فروغ نئی نسل کے لیے از حد ضروری ہے ۔صحت مند سرگرمیوں کے لیے ضروری ہے کہ نوجوانوں کو جسمانی طور پر متحرک رہنے کے لیے مواقع فراہم کیے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربار پیر بابا معصوم شاہ کے سالانہ عرس کے موقع پر کبڈی میچ کے انعقاد کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کبڈی کا کھیل بہترین جسمانی ورزش ہے اور پہلوانوں کو مقابلوں کے دوران عوام کی جانب سے ملنے والی داد و تحسین دراصل اس کھیل کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسی جسمانی ورزشوں پر مشتمل کھیلوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ہمارے نوجوان انٹرنیٹ اور موبائل سے باہر نکل کر جسمانی طور پر متحرک ہوسکیں۔