کچاکھوہ ماڈل بازار سے محروم، سڑکیں کھنڈر بن گئیں
سڑکوں پر ریڑھی بانوں کا قبضہ، شہریوں اور دکانداروں میں روزانہ جھڑپیں
کچاکھوہ (نامہ نگار) ماڈل بازار کی عدم موجودگی کے باعث شہر کی مرکزی سڑکیں شدید متاثر ہیں اور شہریوں کو روزمرہ زندگی میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ پھل، فروٹ اور سبزیوں کے ریڑھی بان مرکزی سڑکوں پر قبضہ جما لیتے ہیں جس کے نتیجے میں ٹریفک کئی کئی گھنٹے بلاوجہ بند رہتی ہے ۔شہریوں کے مطابق ریڑھی بانوں کو راستے سے ہٹانے کی کوشش پر وہ اسے توہین سمجھتے ہیں، جس کی وجہ سے روزانہ لڑائی جھگڑے معمول بن چکے ہیں۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور حکومت وقت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ماڈل بازار قائم کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور شہر میں امن و سکون بحال ہو سکے ۔علاقہ مکینوں نے کہا کہ مناسب جگہ فراہم ہونے سے نہ صرف ریڑھی بانوں کو سہولت ملے گی بلکہ عوام بھی اذیت سے بچ جائیں گے ۔ انہوں نے یہ بھی زور دیا کہ ماڈل بازار کی تعمیر سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں میں بہتری آئے گی بلکہ شہریوں کی روزانہ کی مشکلات اور حادثات کے امکانات بھی کم ہو جائیں گے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت اگر فوری اقدام کرے تو شہریوں کے دیرینہ مسائل حل ہو سکتے ہیں اور شہر کی مرکزی سڑکیں دوبارہ محفوظ اور صاف ستھری بن جائیں گی۔