سکول ٹیچرز انٹرنیز دو ماہ سے تنخواہوں سے محروم
مالی بحران شدت اختیار، اساتذہ نے فوری تنخواہوں کے اجرا کی اپیل کر دی
ملتان (خصوصی رپورٹر)سکول ٹیچرز انٹرنیز شدید معاشی بحران کا شکار ہو گئے ہیں اور دو ماہ سے تنخواہوں کے حصول میں ناکامی کے باعث گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑنے لگے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ صوبے بھر میں سینکڑوں اساتذہ نے 2 اکتوبر کو دوبارہ اپنی ڈیوٹی جوائن کی تھی، تاہم تاحال ان کی تنخواہوں کا اجرا ممکن نہیں ہو سکا۔ مسلسل تاخیر کے باعث یہ اساتذہ ذہنی اور مالی دباؤ میں مبتلا ہیں جبکہ روزمرہ اخراجات اور گھریلو ضروریات پوری کرنا ان کے لئے دن بدن مشکل ہوتا جا رہا ہے ۔اساتذہ کا کہنا ہے کہ اگرچہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث ان کی گزر بسر شدید متاثر ہو رہی ہے ، لیکن اس کے باوجود وہ بچوں کے مستقبل اور اپنے پیشہ ورانہ فرض کو مقدم رکھتے ہوئے پوری ذمہ داری اور دیانت داری کے ساتھ خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے باوجود وہ تعلیمی سرگرمیوں کو متاثر نہیں ہونے دے رہے ، مگر تنخواہوں کے بغیر زندگی کا پہیہ چلانا تقریباً ناممکن ہو چکا ہے ۔اساتذہ نے حکومت اور متعلقہ محکمانہ افسروں سے پرزور اپیل کی ہے کہ تنخواہوں کے اجرا میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے اور مزید تاخیر نہ کی جائے ، تاکہ ان کا حوصلہ برقرار رہے اور وہ پوری توجہ کے ساتھ اپنے تعلیمی فرائض جاری رکھ سکیں۔