ڈپٹی کمشنر کا سڑک کے اطراف پھولدار پودے لگانے کا حکم
ملیحہ رشید کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ، لٹکتے ہوئے تار ہٹا نے کی ہدایت
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار ) ضلع خانیوال میں شہری سہولیات اور شہر کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید کی ہدایت پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں کا معائنہ کیا اور جاری منصوبوں کا جائزہ لیا۔ ایس پی چوک تا اعوان چوک روڈ کے دورے میں سڑک کے اطراف خالی جگہوں پر بیوٹیفکیشن، موسمی پھولدار پودے اور گرین بیلٹس کی بہتری کے احکامات جاری کیے گئے ۔ میونسپل کمیٹی حکام کو ہدایت دی گئی کہ روڈ پر لٹکتے ہوئے تار ہٹائے جائیں تاکہ شہریوں اور ٹریفک کے لیے خطرہ نہ ہو۔بعد ازاں سبزی منڈی روڈ پر جاری تعمیری کام کا بھی جائزہ لیا گیا اور پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت چلنے والے منصوبے پر بریفنگ لی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے سڑک کے شولڈر پر ٹف ٹائلز لگانے ، گرین بیلٹس میں شجرکاری اور تعلیمی اداروں کی بیرونی دیواروں پر دیدہ زیب پینٹنگز کرانے کے احکامات دیے ۔