پارکوں،گرین بیلٹس پر شجرکاری اور ترقیاتی کام جلد مکمل کرنے کا حکم

پارکوں،گرین بیلٹس پر شجرکاری اور ترقیاتی کام جلد مکمل کرنے کا حکم

شہر کے داخلی و خارجی راستوں کو دلکش اور سرسبز بنانا اہم ہدف، میٹرو روٹ کو بھی خوبصورت بنانے کیلئے خصوصی پلان مرتب، گول باغ پارک کا کام جلد مکمل ہوجائیگا، ایم ڈی ہارٹیکلچر

ملتان (وقائع نگار خصوصی)ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی ملتان کریم بخش نے شہر بھر میں پارکوں، گرین بیلٹس اور اہم شاہراہوں پر جاری ترقیاتی کاموں اور شجرکاری کو جلد مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ موسمی صورتحال شجرکاری کے لیے نہایت موزوں ہے ، اس لیے عملہ پوری توجہ کے ساتھ لگائے گئے پودوں کی نگہداشت اور ان کے تحفظ کو یقینی بنائے ۔ انہوں نے کہا کہ درخت شہر کے ماحول کو بہتر بنانے کے ساتھ شہریوں کو صاف ستھری فضا فراہم کرتے ہیں، اس لیے نہ صرف شجرکاری بلکہ ان پودوں کی مستقل دیکھ بھال بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے ۔تفصیلات کے مطابق ایم ڈی ہارٹیکلچر نے این ایل سی بائی پاس چوک، گرین بیلٹ، میٹرو روٹ اور گول باغ پارک میں جاری منصوبوں کی رفتار، معیار اور تکمیل کے شیڈول کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں کو دلکش اور سرسبز بنانا موجودہ انتظامیہ کا اہم ہدف ہے ۔ سہو چوک سے این ایل سی بائی پاس تک پودے ، آرائشی گھاس اور پھولدار بیلیں لگائی جا رہی ہیں جبکہ میٹرو روٹ کو بھی خوبصورت بنانے کے لیے خصوصی پلان ترتیب دیا گیا ہے ۔ایم ڈی ہارٹیکلچر کریم بخش نے کہا کہ کمشنر ملتان کی سربراہی میں شہر کی گرین بیلٹس اور پارکوں کی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے ۔ نئے ترقیاتی منصوبوں میں واکنگ ٹریک، بیٹھنے کے مقامات، نکاسی آب کے نظام اور لائٹنگ کی بہتری پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ گول باغ پارک میں ترقیاتی کام آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ پودے لگانے کے ساتھ ساتھ ان کے تحفظ کے لیے خصوصی سکواڈ تعینات کر دیا گیا ہے جو روزانہ کی بنیاد پر پودوں کو پانی دینے ، کٹائی چھٹائی اور صفائی کے امور کی نگرانی کرے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملتان کو صاف، سرسبز اور پرکشش بنانے کے لیے ہارٹیکلچر ایجنسی اپنی صلاحیتیں بروئے کار لاتی رہے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں