شہروں کی بیوٹیفکیشن،عوامی شمولیت بڑھانے کا فیصلہ
یو سی سطح پرجامع سروے ،مسنگ مین ہول کورز کا درست ڈیٹا مرتب ،تعمیری جگہوں پر گرین شیٹ، آئرن شیٹ یا حفاظتی مارکنگ کا حکم غیرقانونی خرید و فروخت کی روک تھام کیلئے قانونی کارروائی ہوگی، کھلے گٹریاکتے کے کاٹنے سے جانی نقصان پر معاف نہیں کیا جائیگا، کمشنر
ملتان (وقائع نگار خصوصی )ڈویژن کے تمام اضلاع میں شہروں کی بیوٹیفکیشن کیلئے عوامی شمولت بڑھانے کا فیصلہ،تحصیلوں میں یونین کونسل وار جامع سروے کر کے مسنگ مین ہول کورز کا درست ڈیٹا مرتب کرنے ،تعمیری جگہوں پر گرین شیٹ، آئرن شیٹ یا حفاظتی مارکنگ کا حکم ،تصدیق کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں۔ڈویژنل کمشنر عامر کریم خان نے واضح کیا کہ کباڑیوں ،سکریپ مارکیٹس کی سخت چیکنگ، غیرقانونی خرید و فروخت کی روک تھام کیلئے سخت قانونی کارروائی ہوگی، کھلے مین ہولز میں گرنے اور کتے کے کاٹنے سے جانی نقصان پر کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ڈویژنل جائزہ اجلاس ہوا جس میں اضلاع کی خوبصورتی سے متعلق سکیموں، الیکٹرک بسوں اور خصوصاً گٹروں کے غائب یا ٹوٹے ڈھکنوں کی چوری کے بڑھتے ہوئے مسئلے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کیا گیا کہ مین ہول کورز کی چوری یا کتا کاٹنے کے واقعات کے باعث کسی بھی جانی نقصان کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔کمشنر عامر کریم خاں نے تمام تحصیلوں میں یونین کونسل وار جامع سروے کر کے مسنگ مین ہول کورز کا درست ڈیٹا مرتب کرنے کا حکم دیا جبکہ سروے رپورٹس کی تصدیق کے لیے علیحدہ ٹیمیں تشکیل دینے کی منظوری دی گئی۔ عوامی شمولیت بڑھانے کے لیے واٹس ایپ ،ہاٹ لائن اور سکولوں کے طلبہ کو رپورٹنگ فورم فراہم کرنے کی تجاویز بھی منظور کی گئیں۔اجلاس میں کباڑیوں اور سکریپ مارکیٹس کی سخت چیکنگ، غیرقانونی خرید و فروخت کی روک تھام اور مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کونسل، کارپوریشن اور متعلقہ محکموں کو مکمل مانیٹرنگ کا ٹاسک سونپا گیا۔دریں اثنائکمشنر عامر کریم خاں نے ملتان ایونیو کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔