وہاڑی :مصروف سڑک پر مویشیوں اور تجاوزات کی بھرمار
پیرا فورس کی عدم توجہی، شہری اور طلبہ شدید مشکلات کا شکار، کارروائی کا مطالبہ
وہاڑی (نمائندہ خصوصی) انتہائی اہم اور مصروف رابطہ سڑک، جو چڑیا گھر سے کچی منڈی لیاقت پورہ کے راستے یونیورسٹی کو جاتی ہے ، مویشیوں اور تجاوزات کے باعث مسائل کا گڑھ بن چکی ہے ۔ آوارہ بھینسوں اور دیگر مویشیوں کی آزادانہ موجودگی سے روزانہ ٹریفک جام رہتی ہے اور سڑک پر گوبر اور کیچڑ کے ڈھیر شہریوں کو شدید اذیت میں مبتلا کر رہے ہیں۔ والدین، طلبہ اور پیدل سفر کرنے والے شہری بار بار حملوں اور زخمی ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں۔ بعض مویشی مالکان سڑک کے عین درمیان مویشی نہلاتے ہیں، جس سے دونوں اطراف کی ٹریفک کئی گھنٹوں بلاک رہتی ہے ۔ شہریوں نے پیرا فورس کی کارروائیوں کو اندرونِ شہر تک محدود قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اہم سڑک پر کبھی مؤثر توجہ نہیں دی گئی۔ شہری چوہدری وحید اسلم، چوہدری طارق، میاں وقار حسن، میاں اجرار احمد، بشیر احمد، چوہدری ذوالفقار علی، عباس مرزا، یوسف اخلاق اور راو شہزاد نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ سڑک کو فوری طور پر مویشیوں اور تجاوزات سے واگزار کرایا جائے اور پیرا فورس کو مستقل طور پر متحرک کیا جائے تاکہ طلبہ اور شہری یونیورسٹی اور دیگر اداروں تک محفوظ اور آسان آمدورفت کر سکیں۔