ضلع کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنا ترجیح:تصور اقبال

ضلع کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنا ترجیح:تصور اقبال

کرپشن، رشوت ستانی اور ناانصافی ہر صورت برداشت نہیں کی جائے

وہاڑی (نمائندہ خصوصی ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر تصور اقبال نے کہا ہے کہ ضلع وہاڑی کو جرائم پیشہ عناصر، چوروں اور ڈاکوؤں سے پاک کرنا ان کی اولین ترجیح ہے ۔ پولیس فورس جدید حکمت عملی کے تحت بنکوں میں سیکورٹی گارڈز اور پولیس نفری کی تعیناتی، مشکوک افراد پر کڑی نظر، اور گشت کے نظام کو مؤثر بنا رہی ہے ۔ دفتر میں صحافیوں شاہد نیاز ،وحید الرحمن، شیخ فضل الرحمن اور حاجی ساجد مسعود مغل سے گفتگو میں ڈی پی او نے کہا کہ ایس ایچ اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بینک مینیجرز کے ساتھ رابطے میں رہیں اور سکیورٹی ایس او پیز پر سختی سے عمل کروائیں تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔ڈی پی او نے کہا کہ کرپشن، رشوت ستانی اور ناانصافی ہر صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور پولیس فورس کو شفافیت، میرٹ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بناتے ہوئے عوامی توقعات پر پورا اترنا ہوگا۔ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف آپریشن مزید تیز کیا جا رہا ہے اور تھانوں میں جدید ورکنگ ماحول فراہم کیا جا رہا ہے ۔اس موقع پر خون کا عطیہ دینے والے پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے ۔ ڈی پی او تصور اقبال نے کہا کہ یہ اقدام اعلیٰ انسانی اقدار اور خدمتِ خلق کا مظہر ہے اور پولیس فورس کے لیے فخر کا باعث ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں