پولیس مقابلے ، دو ملزم زخمی حالت میں گرفتار، تین فرار
آصف گل چک557ای بی،عرفان 481ای بی کا رہائشی ،مزید کارروائی جاری
وہاڑی،بورے والا ،ماچھیوال (خبرنگار، نمائندہ خصوصی،نمائندہ دنیا،سٹی رپورٹر ، نامہ نگار ) تین مختلف پولیس مقابلوں میں دو ملزم زخمی حالت میں گرفتار جبکہ تین فرار ہوگئے ۔ تھانہ ماچھیوال پولیس کے مطابق تین ملزموں نے 8 ڈبلیو بی کے قریب موٹر سائیکل چھین کر فرار ہونے کی کوشش کی،ناکا بندی کے دوران پل 4 ڈبلیو بی کے قریب فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔ ایک ملزم آصف گل سکنہ 557 ای بی زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے ۔ زخمی ملزم 15مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا ۔پولیس نے موقع پر موٹر سائیکل اور اسلحہ قبضے میں لے لیا۔دریں اثناء تھانہ سٹی بوریوالا کی پولیس ٹیم گشت پر تھی کہ پل نہر مجاہد کالونی کے قریب دو موٹرسائیکل سوار مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو وہ پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے فتح شاہ روڈ کی طرف فرار ہو گئے ،تعاقب کرنے پر لنگڑیال پل کے قریب ملزموں نے پولیس پر دوبارہ فائرنگ کر دی پولیس نے بھی حق حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی ، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا اور اس کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا۔ زخمی ملزم کی شناخت عرفان ولد فیض قوم ملک تیلی سکنہ 481ای بی بورے والا کے نام ہوئی ہے ۔پولیس نے زخمی ملزم کے قبضے سے منشیات،موٹر سائیکل اور ناجائز پستول 30 بور برآمد کرلیا۔زخمی ملزم 16 مختلف مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ مزید کارروائی جاری ہے ۔