کوٹ ادو میں پولیس کی پہلی جنرل پریڈ ، مہارت کا مظاہرہ
افسروں ، اہلکاروں نے مکمل یکجہتی، باہمی ہم آہنگی اور تربیتی معیار کا عملی ثبوت دیا
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ضلع کوٹ ادو کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جنرل پریڈ کی تقریب گورنمنٹ ہائی سکول کے گراؤنڈ میں ہوئی جس میں پولیس کے چاق و چوبند دستوں نے نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کا شاندار مظاہرہ کیا۔مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوٹ ادو تھے جنہوں نے پریڈ میں شریک جوانوں سے سلامی لی اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ پریڈ میں پولیس افسروں اور اہلکاروں نے مکمل یکجہتی، باہمی ہم آہنگی اور تربیتی معیار کا عملی ثبوت پیش کیا، جس سے ضلع بھر میں پولیس فورس کی مضبوطی اور نظم و ضبط واضح ہوا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنرل پریڈ کا انعقاد فورس کے نظم و ضبط، فزیکل فٹنس اور پیشہ ورانہ تیاری کو مزید مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوٹ ادو پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور امن و امان کے قیام کے لیے ہمہ وقت تیار ہے ۔تقریب میں پولیس کے سینئر افسران، مختلف یونٹس کے نمائندگان اور اہلکاروں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ جنرل پریڈ کا مقصد پولیس فورس میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا، ڈسپلن کو فروغ دینا اور جوانوں کے حوصلے بلند کرنا تھا۔ اختتام پر بہترین کارکردگی دکھانے والے جوانوں کو سراہا گیا، اور اس تاریخی تقریب کو ضلع کوٹ ادو کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا گیا۔