ویزا فراڈ کے بعد زہر دیکر قتل، ورثاء کو مسلسل دھمکیاں

 ویزا فراڈ کے بعد زہر دیکر قتل، ورثاء کو مسلسل دھمکیاں

42 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کئے ، واپسی کے تقاضا کرنے پر قتل کردیا گیا

وہاڑی (خبرنگار) نواحی علاقہ 122 ای بی میں مبینہ ویزا فراڈ کے بعد شہری کو زہر دے کر قتل کرنے اور متاثرہ خاندان کو مسلسل ہراساں کرنے کے خلاف ورثاء نے احتجاج کیا ہے ۔ مقتول کے والد علی احمد، والدہ حمیدہ بی بی، اہلیہ خالدہ اور دیگر لواحقین کے مطابق خالد پرویز ولد علی احمد نے برطانیہ کا ویزا حاصل کرنے کے لیے محمد اشرف عرف بھالو سکنہ یوکے کو 42 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کیے تھے ۔ رقم وصول کرنے کے باوجود ملزم نے ویزا فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔لواحقین کا کہنا ہے کہ جب خالد پرویز نے اپنی رقم کی واپسی کا تقاضا کیا تو محمد اشرف نے مبینہ طور پر اپنے قریبی ساتھیوں کے ذریعے اسے زہر دے کر قتل کروا دیا۔ واقعے کے بعد متاثرہ خاندان انصاف کے حصول کے لیے قریبی تھانے پہنچا، تاہم بااثر ملزمان کی جانب سے مبینہ طور پر کارروائی میں رکاوٹیں ڈالی گئیں اور خاندان کو دباؤ میں لانے کی کوششیں شروع کر دی گئیں۔ورثاء کے مطابق مقتول کے معصوم بچوں کو آئے روز مارپیٹ، دھمکیوں اور خوف و ہراس کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

 ، جبکہ خاندان کو قتل اور اغوا کی سنگین دھمکیاں بھی موصول ہو رہی ہیں، جس کے باعث وہ شدید عدم تحفظ کا شکار ہے ۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان حالات میں معمول کی زندگی گزارنا مشکل ہو چکا ہے ۔متاثرہ خاندان نے ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں، ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے اور متاثرہ خاندان بالخصوص بچوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں