کوٹ ادو میں ہائی وے ، واسا اور ستھرا پنجاب ٹیمیں متحرک
ڈی سی کی ہدایت پرشاہراہوں کی صفائی، سیوریج بہتری کا عمل جاری
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بیرسٹر بلال سلیم کی ہدایت پر ضلع بھر میں شاہراہوں کی صفائی، سیوریج نظام کی بہتری اور روڈز واشنگ کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری ہے ۔ اس سلسلے میں ہائی وے ڈیپارٹمنٹ، واسا اور ستھرا پنجاب کی ٹیمیں مختلف مقامات پر صفائی ستھرائی اور بہتری کے کاموں میں مصروف ہیں۔تفصیلات کے مطابق ہائی وے ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین مختلف شاہراہوں پر سڑکوں کے اطراف صفائی، جھاڑیوں کی کٹائی اور سڑکوں کی مجموعی حالت بہتر بنانے کے اقدامات کر رہے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد سڑکوں کی خوبصورتی میں اضافہ، ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا اور شہریوں کو محفوظ سفر کی سہولت فراہم کرنا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ شاہراہوں کے کناروں سے ملبہ اور رکاوٹیں ہٹائی جا رہی ہیں تاکہ حادثات کے خدشات کم کیے جا سکیں۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر واسا کے ملازمین شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج نظام کی صفائی اور بحالی کے لیے فیلڈ میں متحرک ہیں۔ نکاسیٔ آب کی لائنوں کی صفائی کا مقصد پانی کی بروقت نکاسی یقینی بنانا اور شہریوں کو تعفن اور گندگی سے بچانا ہے تاکہ انہیں روزمرہ زندگی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔علاوہ ازیں ستھرا پنجاب کی ٹیمیں شہر کی مختلف سڑکوں پر روڈز واشنگ کے ذریعے دھلائی کا عمل انجام دے رہی ہیں۔