ماڈل ریڑھی بازاروں کے قیام کیلئے اقدامات تیز کرنیکی ہدایت
بازار میں سبزی اور فروٹ کے دکانداروں کو ترجیح دی جائے ، ڈی سی لودھراں
لودھراں (سٹی رپورٹر) لودھراں میں ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیرِصدارت ریڑھی بازاروں کے قیام سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اے ڈی سی آر سید وسیم حسن، اسسٹنٹ کمشنر ارم شہزادی، سی اوز عمر مختار، سید مصلح الدین اور ڈی او انڈسٹریز محمد محسن نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ماڈل ریڑھی بازاروں کا قیام حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لودھراں شہر میں ریڑھی بازار کے قیام کیلئے ریلوے روڈ پر واٹر ٹینکی کی مسماری کا کام تیز کیا جائے ۔ ریڑھی بازار میں سبزی اور فروٹ کے دکانداروں کو ترجیح دی جائے تاکہ شہریوں کو معیاری اور سستی اشیائے خورونوش میسر آ سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بازاروں کے قیام کے دوران سٹیک ہولڈرز کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جائے گا اور ریڑھیوں کی حفاظت کیلئے باقاعدہ چیک لسٹ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریڑھی بازار قائم ہونے کے بعد دیگر ریڑھیوں کو سڑکوں پر کھڑا نہیں ہونے دیا جائے گا۔محمد اشرف نے ہدایت کی کہ بازاروں کے گیٹس اور ٹف ٹائلز کے ڈیزائن پر مکمل عمل کیا جائے جبکہ شہر کی بیوٹیفکیشن، ریڑھی بازاروں اور ان کے اطراف مستقل لائیٹنگ کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہروں کی منفرد بیوٹیفکیشن کیلئے ایکسپرٹ ہائر کیے جائیں، غیر قانونی ری فلنگ مشینری کو ناکارہ بنایا جائے اور آوارہ کتوں کیخلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے ۔