خانیوال میں پیرا انفورسمنٹ سٹیشنز، پولیو مہم کی تیاری

خانیوال میں پیرا انفورسمنٹ سٹیشنز، پولیو مہم کی تیاری

ڈی سی کا اجلاس، سٹیشنز کی بروقت تکمیل ، پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ضلعی انتظامیہ خانیوال تین پیرا انفورسمنٹ سٹیشنز کی بروقت تکمیل کے لیے متحرک ہو گئی ہے ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید کی زیر صدارت ترمیمی تخمینہ لاگت کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں خانیوال، کبیروالا اور میاں چنوں میں زیر تعمیر پیرا انفورسمنٹ سٹیشنز کے تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کو پراجیکٹس کی موجودہ پیش رفت، درپیش مسائل اور آئندہ اہداف پر بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے ہدایت کی کہ تینوں پراجیکٹس پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ انفورسمنٹ سٹیشنز کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جا سکے ۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو فیلڈ وزٹس کے ذریعے کام کی باقاعدہ نگرانی اور پیش رفت رپورٹ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جہانیاں میں بھی پیرا انفورسمنٹ سٹیشن کی منظوری دے دی گئی ہے ، جہاں جلد تعمیراتی کام کا آغاز کیا جائے گا۔دریں اثنا ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید کی زیر صدارت ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کا اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں پولیو مہم کی تیاریوں، مائیکرو پلان اور فیلڈ انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آصف محمود نے انسداد پولیو مہم کے پیشگی انتظامات پر بریفنگ دی، جبکہ صحت اور لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران کے علاوہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے نمائندے بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مائیکرو پلان کو زمینی حقائق کے مطابق مزید مؤثر بنایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں