256سرکاری سکول سولر انرجی پر منتقل کرنے کا منصوبہ شروع
مجموعی طور پر 5ہزار 515کلو واٹ صلاحیت کا سولر پاورنصب کیا جائے گا ، تعلیمی اداروں میں بجلی کے مسائل پر قابو پانے ،اخراجات کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی
ملتان(خصوصی رپورٹر)پنجاب میں توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دینے کے لئے 70 کروڑ روپے کی لاگت سے 256 سرکاری سکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا کام شروع کر دیا گیا۔ اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں ہائر سکینڈری سکولوں کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جائے گا،حکام کے مطابق اس منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 5 ہزار 515 کلو واٹ صلاحیت کا سولر پاور سسٹم نصب کیا جائے گا، جس سے تعلیمی اداروں میں بجلی کے مسائل پر قابو پانے کے ساتھ توانائی کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ یہ منصوبہ محکمہ انرجی پنجاب کی زیر نگرانی مکمل کیا جائے گااس کے علاوہ منصوبے کے تحت 50 الیکٹرک وہیکل (ای وی) چارجنگ سٹیشنز بھی نصب کئے جائیں گے ، جو ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ سولرائزیشن منصوبہ نہ صرف تعلیمی اداروں کو مستحکم توانائی فراہم کرے گا بلکہ پنجاب میں گرین انرجی کے استعمال کو بھی فروغ دے گا۔