تحصیل شجاع آباد میں انسداد پولیو مہم سرگرمیوں کا آغاز
عوام میں بچاؤ کے لئے شعور اجاگر کرنے کیلئے آگاہی سیشنز کا انعقاد
سکندرآباد (نامہ نگار) تحصیل شجاع آباد میں دو فروری 2026سے شروع ہونے والی انسدادِ پولیو قومی مہم کے سلسلے میں آگاہی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے ۔ یہ سرگرمیاں ڈپٹی ڈی ایچ او شجاع آباد ڈاکٹر محمد آصف راؤ کی سربراہی میں شروع کی گئی ہیں، جن کا مقصد عوام میں پولیو سے بچاؤ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے ۔تفصیل کے مطابق تحصیل شجاع آباد کی تمام یونین کونسلز میں یونین کونسل مانیٹرنگ افسر علاقہ معززین، امام مساجد اور کمیونٹی رہنماؤں کے تعاون سے آگاہی سیشنز منعقد کر رہے ہیں۔ ان سیشنز کے دوران والدین کو پولیو کے خطرات، اس سے بچاؤ اور حفاظتی قطروں کی اہمیت کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی جا رہی ہے ۔اسی طرح تحصیل بھر کے مختلف سرکاری و نجی سکولوں میں بھی خصوصی آگاہی سیشنز کا اہتمام کیا جا رہا ہے جن میں بچوں کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور والدین کو بھی پولیو سے بچاؤ کی ضرورت اور قومی ذمہ داری سے آگاہ کیا جا رہا ہے ۔ ان سرگرمیوں کا بنیادی مقصد آنے والی انسدادِ پولیو قومی مہم سے قبل عوام کو بروقت معلومات فراہم کرنا اور پانچ سال سے کم عمر بچوں کو حفاظتی قطرے پلوانے کی اہمیت اجاگر کرنا ہے ۔