قتل کیس، مجرم سلمان عرف شانی کوعمر قید‘3لاکھ جرمانہ
مجرم نے رقم کی واپسی کے تنازع پر 31سالہ اعجاز کو تشدد کرکے قتل کیا تھا
وہاڑی (خبرنگار‘نمائندہ خصوصی)ایڈیشنل سیشن جج وہاڑی سید محمد عمر نے قتل مقدمہ کی سماعت مکمل ہونے پر جرم ثابت ہونے پر مجرم سلمان عرف شانی کو عمر قید اور تین لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔تھانہ صدر وہاڑی کے قتل کے مقدمہ نمبر 472/24 میں وہاڑی پولیس کے تجربہ کار انوسٹی گیشن آفیسر انسپکٹر غازی محمد جاوید کی جامع اور پیشہ ورانہ تفتیش کے نتیجے میں مجرم کو قانون کے کٹہرے میں لایا گیا۔موجودہ مقدمہ کے دوران تفتیش میں سامنے آیا کہ سزا پانے والے مجرم سلمان نے 9 ہزار روپے کی رقم کی واپسی کے تنازع پر 31 سالہ اعجاز کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جو بعد ازاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ مقدمہ کی تفتیش انسپکٹر غازی محمد جاوید نے کی، جو اس وقت انچارج انویسٹی گیشن سی سی ڈی وہاڑی کے عہدے پر فائز ہیں اور سنگین و پیچیدہ مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے میں نمایاں شہرت رکھتے ہیں۔پولیس ریکارڈ کے مطابق انسپکٹر غازی محمد جاوید اب تک 150 سے زائد قتل کے مقدمات کی کامیاب تفتیش کر چکے ہیں۔ انہوں نے برطانوی نژاد پاکستانی شہری کمال ظہیر علی سکنہ اڈا ظہیر نگر کے مشہور بلائنڈ مرڈر کیس کو بھی اپنی غیر معمولی تفتیشی صلاحیتوں سے حل کیا تھا۔