جنوبی پنجاب:اتائیت کیخلاف گرینڈ آپریشن،درجنوں غیر قانونی طبی مراکز سیل

جنوبی پنجاب:اتائیت کیخلاف گرینڈ آپریشن،درجنوں غیر قانونی طبی مراکز سیل

ملتان میں204چھاپہ مار کارروائیاں‘29غیر قانونی مرکز سربمہر‘ خانیوال میں 119مقامات پر ایکشن‘ 17اتائیوں کے کاروبار بند

ملتان (لیڈی رپورٹر) جنوبی پنجاب میں اتائیت کے خلاف پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کا بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے گزشتہ چار ہفتوں کے دوران جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے درجنوں غیر قانونی اطائی مراکز کو سیل کر دیا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق ملتان میں 204 چھاپوں کے دوران 29 غیر قانونی طبی مراکز کو سربمہر کیا گیا، جبکہ خانیوال میں 119ریڈز کے نتیجے میں 17اطائیوں کے کاروبار بند کر دیئے گئے ۔ اسی طرح بہاولنگر اور رحیم یار خان میں بھی اتائیت کے متعدد مراکز کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے ترجمان نے بتایا کہ غیر مستند معالجین کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و صحت سے کھیلنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ترجمان نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب میں مستند اور رجسٹرڈ ڈاکٹرز کی موجودگی والے طبی مراکز کو بھی مسلسل نگرانی میں رکھا جا رہا ہے تاکہ عوام کو معیاری، محفوظ اور قانونی طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن جنوبی پنجاب بھر میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گا اور اطائیت کے مکمل خاتمے تک یہ سلسلہ برقرار رہے گا، تاکہ عوام کو غیر مستند علاج سے محفوظ رکھا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں