ڈیجیٹل سکرینز کا بڑھتا استعمال بچوں کی بینائی کیلئے خطرہ

ڈیجیٹل سکرینز کا بڑھتا استعمال بچوں کی بینائی کیلئے خطرہ

مسلسل قریب دیکھنے کی عادت دور کی نظر کمزور کرسکتی ، ڈاکٹر راشد قمر

ملتان (لیڈی رپورٹر)موبائل فون، ٹیبلیٹ اور لیپ ٹاپ کے بڑھتے ہوئے استعمال سے بچوں میں آنکھوں کی کمزوری اور دیگر بصری مسائل میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ شعبہ امراضِ چشم کے سربراہ اور پرنسپل نشتر میڈیکل کالج، معروف ماہرِ امراضِ چشم پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راؤ کے مطابق ڈیجیٹل سکرینز براہِ راست بینائی کو خراب نہیں کرتیں، تاہم ان کا حد سے زیادہ اور غلط استعمال بچوں کی نظر پر منفی اثرات مرتب کر رہا ہے ۔ڈاکٹر راشد قمر راؤ کا کہنا تھا کہ بچوں میں آنکھوں کی تھکن، خشکی، سر درد اور دھندلا دکھائی دینے جیسے مسائل تیزی سے بڑھ رہے ہیں، جن کی بڑی وجہ سکرین کو مسلسل اور قریب سے دیکھنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سکرین دیکھتے وقت بچے پلکیں کم جھپکتے ہیں جس سے آنکھوں میں خشکی پیدا ہوتی ہے ، جبکہ مسلسل قریب دیکھنے کی عادت دور کی نظر کو کمزور کر سکتی ہے ، جسے طبی اصطلاح میں مایوپیا کہا جاتا ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ موبائل فون کم از کم 12 سے 14 انچ کے فاصلے پر رکھا جائے ، لیپ ٹاپ آنکھوں کی سطح سے تھوڑا نیچے ہونا چاہئے اور اندھیرے میں سکرین کا استعمال بالکل نہ کیا جائے ۔ ان کے مطابق نیلی روشنی بچوں کی نیند کو بھی متاثر کرتی ہے ، خاص طور پر اگر سونے سے قبل موبائل یا ٹیبلیٹ استعمال کیا جائے ۔ڈاکٹر راشد قمر راؤ نے والدین کو مشورہ دیا کہ بچوں کا سکرین ٹائم محدود رکھا جائے ، انہیں کھلی فضا میں کھیلنے کی عادت ڈالی جائے اور ہر 20 منٹ بعد 20 سیکنڈ کیلئے 20 فٹ دور کسی چیز کو دیکھنے کی مشق کرائی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں