ہارٹیکلچر ایجنسی ملتان کا پارکوں میں لائٹس منصوبہ جاری
عید گاہ روڈ، نشتر چوک، گل گشت سمیت مختلف مقامات پر تنصیب مکمل
ملتان (وقائع نگار خصوصی)ہارٹیکلچر ایجنسی ملتان کی جانب سے شہر کے پارکوں، گرین بیلٹس اور اہم شاہراہوں پر آرائشی لائٹس کی تنصیب کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ اس منصوبے کے تحت عید گاہ روڈ، نشتر چوک، کچہری فلائی اوور، پل موج دریا فلائی اوور، گول باغ پارک اور گل گشت کے مختلف مقامات پر لائٹس کی تنصیب کا کام مکمل کر لیا گیا ہے ، جس سے شہر کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ڈویژنل انتظامیہ اور ہارٹیکلچر ایجنسی ملتان کے اس اقدام کو شہریوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے، جبکہ عوامی حلقوں نے شہر کو خوبصورت اور روشن بنانے کے اس منصوبے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی ملتان کریم بخش نے کہا کہ شہر کو روشنیوں سے آراستہ کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارکوں اور گرین بیلٹس کو خوبصورت بنانے کے لئے معیاری لائیٹس نصب کی جا رہی ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے ۔کریم بخش کا کہنا تھا کہ مستقبل میں بھی شہر کے مختلف علاقوں میں مزید لائٹس نصب کی جائیں گی تاکہ ملتان کو ایک خوبصورت، روشن اور دلکش شہر بنایا جا سکے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ شہریوں کو رات کے اوقات میں بہتر سہولیات اور محفوظ ماحول بھی میسر آئے گا۔