پنجاب بھر میں پرائیویٹ سکولوں کے اوقات کار تبدیل
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان سمیت پنجاب بھر میں آج 2 فروری سے پرائیویٹ سکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کا امکان ہے ۔
ذرائع کے مطابق پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کی ہدایت پر صوبے کے بیشتر پرائیویٹ سکولوں نے آج سے تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز صبح 8 بجے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔بتایا گیا ہے کہ نئی ٹائم ٹیبل کے تحت چھوٹی جماعتوں کو دوپہر ڈیڑھ بجے جبکہ بڑی جماعتوں کو دوپہر 2 بجے چھٹی دی جائے گی۔ سکول انتظامیہ کے مطابق اوقات کار میں یہ تبدیلی موسم اور ماحولیاتی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جا رہی ہے ۔واضح رہے کہ محکمہ تحفظ ماحولیات نے سموگ کی صورتحال کے پیش نظر اس سے قبل سکولوں کے اوقات کار صبح پونے 9 بجے مقرر کئے تھے ۔ تاہم پونے 9 بجے کے اوقات کار کا نوٹیفکیشن 31 جنوری تک ہی نافذ العمل تھا، جس کے بعد اس پابندی کی مدت ختم ہو گئی۔محکمہ تحفظ ماحولیات کے احکامات کے مطابق پرائیویٹ سکولوں کو اوقات کار میں تبدیلی کی اجازت حاصل ہے ، جبکہ اوقات کی پابندی صرف 31 جنوری تک لاگو تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اب پرائیویٹ سکولز اپنی سہولت اور حالات کے مطابق اوقات کار ترتیب دے سکتے ہیں۔تعلیمی حلقوں کے مطابق اوقات کار میں تبدیلی سے طلبہ کی حاضری اور تعلیمی سرگرمیوں میں بہتری متوقع ہے ، جبکہ والدین اور اساتذہ کو بھی نئے اوقات کے مطابق معمولات ترتیب دینے کی ہدایت کی جا رہی ہے ۔