کپاس کی اگیتی کاشت کا حتمی پلان پیش کیا جائے ،افتخارسہو
ملتان (وقائع نگار خصوصی)سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت ایگریکلچر ہاؤس لاہور میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ زراعت پنجاب کی فیلڈ فارمیشنز کی عملی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس شبیر احمد خان، ڈائریکٹر جنرلز زراعت عبدالحمید اور نوید عصمت کاہلوں شریک ہوئے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت پنجاب نے ہدایت کی کہ کپاس کی اگیتی کاشت کے حوالے سے حتمی اور جامع پلان مرتب کر کے پیش کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اگیتی کپاس کی کاشت کے لئے منتخب تحصیلوں میں کاشتکاروں کی باقاعدہ رجسٹریشن کی جائے اور پانچ ایکڑ یا اس سے زائد رقبے پر کپاس کاشت کرنے والے کاشتکاروں کو ترجیحی بنیادوں پر رجسٹر کیا جائے ۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ اگیتی کپاس کی کاشت 15 فروری سے 31 مارچ کے دوران یقینی بنائی جائے تاکہ بہتر پیداواری نتائج حاصل کئے جا سکیں۔سیکرٹری زراعت نے گندم کی فصل کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اس مرحلے پر فصل کے لئے مؤثر نگہداشتی اقدامات ناگزیر ہیں۔ فیلڈ فارمیشنز گندم کی فصل میں آبپاشی، ممکنہ کیڑوں اور بیماریوں کے حملے اور ان کے بروقت تدارک کے بارے میں کاشتکاروں کو مسلسل رہنمائی فراہم کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کاشتکاروں کی رہنمائی کے لئے جاری عملی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے ۔افتخار علی سہو نے کہا کہ صوبہ بھر میں گندم کی فصل مجموعی طور پر بہترین حالت میں کھڑی ہے ، جبکہ حالیہ بارشوں کے گندم اور دیگر فصلات پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔