زکریا یونیورسٹی کے پروفیسر کیلئے 87 لاکھ کی تحقیقی گرانٹ
ملتان (خصوصی رپورٹر)بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے ڈیپارٹمنٹ آف فارمیسی پریکٹس کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد فواد رسول کو نیشنل انسٹیٹیوٹس آف ہیلتھ (این آئی ایچ) اسلام آباد کی جانب سے 87 لاکھ روپے کی ایک اہم اور مسابقتی قومی تحقیقی گرانٹ سے نوازا گیا ہے ۔
یہ گرانٹ صحتِ عامہ کے قومی سطح کے اہم مسائل کے حل کے لئے منظور کی گئی ہے ۔منظور شدہ تحقیقی منصوبہ پاکستان میں پرائمری کیئر سیٹنگز میں ڈیٹا ایویڈنس پر مبنی اور کثیر شعبہ جاتی حکمتِ عملی کے ذریعے کم لاگت اینٹی مائیکروبیل اسٹیورڈشپ مداخلتوں کی تیاری کے عنوان سے شروع کیا جا رہا ہے ۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد پرائمری ہیلتھ کیئر میں اینٹی بایوٹکس کے مؤثر، محتاط اور سائنسی بنیادوں پر استعمال کو فروغ دینا ہے ۔یہ تحقیق اینٹی مائیکروبیل مزاحمت جیسے سنگین قومی اور عالمی مسئلے سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرے گی، جو غیر ضروری اور غلط اینٹی بایوٹک استعمال کے باعث تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔ منصوبے کے تحت نسخہ نویسی کے طریقہ کار کو بہتر بنانے ، ڈاکٹروں، فارماسسٹوں اور دیگر متعلقہ شعبہ جات کے درمیان مؤثر اشتراک کو فروغ دیا جائے گا تاکہ عملی اور دیرپا حل سامنے لائے جا سکیں۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر محمد فواد رسول نے کہا کہ اینٹی بایوٹکس کا غیر ضروری استعمال پاکستان کے صحت کے نظام کے لئے ایک سنگین چیلنج بنتا جا رہا ہے ۔ اس تحقیقی منصوبے کا مقصد پرائمری ہیلتھ کیئر سطح پر شواہد پر مبنی، کم لاگت اور قابلِ عمل ماڈلز تیار کرنا ہے جو مریضوں کی بہتر نگہداشت کو یقینی بنانے کے ساتھ اینٹی مائیکروبیل مزاحمت کے پھیلاؤ کو مؤثر انداز میں روک سکیں۔