حامد پور چوک، ٹریفک حادثہ، ایک نوجوان جاں بحق
ملتان (کرائم رپورٹر)ملتان میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے ۔ یہ افسوسناک واقعہ حامد پور چوک کے قریب پیش آیا،
جہاں ایک تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مار دی۔حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار تین افراد شدید زخمی ہو گئے ، جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم ایک نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ جاں بحق نوجوان کی شناخت 25 سالہ نعمان کے نام سے ہوئی ہے ۔پولیس کے مطابق ضروری قانونی کارروائی کے بعد نعمان کی ڈیڈ باڈی لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہے ، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور حادثے کے اسباب کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق حامد پور چوک پر ٹریفک کی تیز رفتاری اور بھاری گاڑیوں کی آمد و رفت کے باعث حادثات معمول بن چکے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک کنٹرول کے مؤثر اقدامات کئے جائیں تاکہ قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے ۔