دربار نور شاہ سے اسد چوک تک سڑک خستہ حالی کا شکار
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر) دربار نور شاہ سے اسد چوک کھوکھے اڈہ تک 10 کلومیٹر طویل سڑک گزشتہ 15 برس سے خستہ حالی کا شکار ہے ۔
2010کے بدترین سیلاب کے بعد یہ سڑک آج تک مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکی۔ سڑک جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ اور گہرے گڑھوں کا شکار ہے ، جس کے باعث حادثات معمول بن گئے ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق یہ واحد مرکزی گزرگاہ ہونے کے باوجود حکومتی عدم توجہی کے باعث عوام بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔ خراب سڑک کی وجہ سے بچوں کو اسکول آنے جانے میں دشواری، مریضوں کو ہسپتال پہنچانے میں شدید مشکلات اور کسانوں کو فصلات منڈیوں تک پہنچانے میں رکاوٹیں پیش آ رہی ہیں۔مقامی افراد حاجی رمضان، محمد یسین، محمد اسماعیل، حاجی اکرم، مقصود احمد خان اور ڈاکٹر عبدالشکور نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی دعوے صرف کاغذی نعرے ہیں اور منتخب نمائندے عوامی مسائل کی سنجیدگی سے کوئی پرواہ نہیں کرتے ۔اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، محکمہ ہائی ویز پنجاب، کمشنر ڈیرہ غازی خان اور ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس سڑک کی ازسرنو تعمیر کا کام شروع کیا جائے ۔ مظاہرین نے متنبہ کیا کہ اگر جلد اقدامات نہ کیے گئے تو احتجاج ضلعی سطح تک پھیلایا جائے گا۔