وہاڑی شرقی کالونی میں کھلے گڑھے شہریوں کیلئے خطرہ
واسا اور سوئی گیس کی مبینہ غفلت سے شہری شدید مشکلات کا شکار
وہاڑی (خبرنگار) واسا اور محمکہ سوئی گیس کی مبینہ غفلت کے باعث شرقی کالونی کے مکین شدید خطرات سے دوچار ہیں۔ مقامی شہریوں کے مطابق ایک نجی اسکول کے قریب تقریباً دو ماہ قبل کھودے گئے گڑھے میں سیوریج لائن لیک ہونے سے پانی جمع ہو گیا، جس سے طلبہ، رہائشی اور راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔شہری چوہدری مختار، فاروق معاویہ، چوہدری شاہد، عبدالعزیز اور رانا علی نے الزام عائد کیا کہ محکمے مسلسل غفلت برت رہے ہیں اور بروقت حفاظتی اقدامات نہیں کیے ، جس سے حالات کسی بڑے حادثے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ شہریوں نے سوال کیا کہ کیا انتظامیہ کسی سانحے کا انتظار کر رہی ہے ۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر وہاڑی نے دفعہ 144 کے تحت شہریوں کو تین سے زائد گڑھے کھودنے سے منع کیا ہے ، لیکن سرکاری محکموں کے اہلکار شہریوں کے لیے گڑھے کھود کر پریشانی بڑھا رہے ہیں۔