نشتر ہسپتال میں انتظامی امور بہتر بنانے کا حکم

نشتر ہسپتال میں انتظامی امور بہتر بنانے کا حکم

کمشنر کاایمرجنسی بلاک کا اچانک دورہ،مختلف وارڈز کامعائنہ، ناقص طبی سہولتوں اور صفائی پر سخت نوٹس،مریضوں اور تیمارداروں سے براہِ راست گفتگو، زخمی بچے کی حوصلہ افزائی، والد کو دلاسہایمرجنسی وارڈ میں انتظامات کی بہتری کیلئے فوری اصلاحی اقدامات اٹھائے جائیں،غیر فعال وہیل چیئرز اور ٹوٹے ہوئے بینچوں کی فوری مرمت اور صفائی کے معیارکو بہتر کیا جائے ، عامر کریم خان

ملتان(وقائع نگار خصوصی،لیڈی رپورٹر)کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے نشتر ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک کا اچانک دورہ کیااور مختلف وارڈز کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے طبی سہولیات، صفائی ستھرائی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران کمشنر ملتان نے ایمرجنسی، سی ٹی سکین، ریڈیالوجی اور آرتھوپیڈک وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں اور ان کے لواحقین سے براہِ راست طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور علاج کے معیار بارے استفسار کیا۔ مریضوں اور تیمارداروں نے مجموعی طور پر علاج معالجے اور سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔کمشنر عامر کریم خاں کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک ہی روز میں نشتر ہسپتال ایمرجنسی میں 1050 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔

اس موقع پر انہوں نے ایمرجنسی میں موجود نان فنکشنل وہیل چیئرز کی فوری مرمت، وارڈز کی راہداریوں میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور ہسپتال انتظامیہ کو ڈیوٹی روسٹر ناموں سمیت نمایاں طور پر آویزاں کرنے کی ہدایت کی۔کمشنر ملتان نے ایمرجنسی میں لفٹس کی تنصیب کے مسئلے کو تین ہفتوں کے اندر حل کرنے ، سی ٹی سکین ویٹنگ ایریا میں ٹوٹے ہوئے بینچوں اور آرتھوپیڈک وارڈ کی پینٹری میں خراب شیلفس کو فوری تبدیل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ۔ مزید برآں آرتھوپیڈک وارڈز کی راہداریوں میں موجود تیمارداروں کو عارضی بیڈز کے بجائے متبادل سرائے منتقل کرنے کی ہدایت دی گئی۔انہوں نے ایم ایس نشتر ہسپتال کو وہیل چیئرز کی فراہمی، بینچز و شیلفس کی تبدیلی اور آرتھوپیڈک وارڈ کے داخلی حصے کی لائٹنگ مزید بہتر بنانے کے واضح احکامات دئیے ۔کمشنر ملتان نے حادثے میں زخمی بچے کو ’’بہادر سکندر‘‘ کہہ کر حوصلہ دیا اور غم سے نڈھال والد کو گلے لگا کر دلاسہ دیتے ہوئے بچے کے بہترین ممکنہ علاج کی مکمل یقین دہانی کرائی۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ مریضوں کو معیاری، بروقت اور باعزت طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی پہلی ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں