کہروڑپکا : بیمار جانوروں کا گوشت فروخت، من مانے نرخ مقرر

کہروڑپکا : بیمار جانوروں کا گوشت فروخت، من مانے نرخ مقرر

بڑا گوشت 1200 ، چھوٹا1500 کلو فروخت، لائیوسٹاک اورانتظامیہ خاموش

کہروڑپکا (نمائندہ دنیا) تحصیل کہروڑپکا میں بیمار، لاغر اور بعض اوقات مردہ جانوروں کا گوشت سرعام فروخت ہونے اور سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ قیمتیں وصول کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے ، جس نے انتظامیہ، محکمہ لائیو سٹاک اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کر دئیے ہیں۔ شہریوں کے مطابق بڑا گوشت جو سرکاری نرخ کے مطابق 800 روپے فی کلو ہے ، 1200 روپے میں جبکہ چھوٹا گوشت 1500 روپے کے بجائے 2300 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق تحصیل بھر میں محکمہ لائیو سٹاک کی عدم توجہی کے باعث بیمار اور لاغر جانوروں کا ذبیحہ عام ہو چکا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی مواقع پر شواہد بھی سامنے آ چکے ہیں کہ جانور سلاخانہ میں ذبح کرنے کے بجائے بھانوں، دیہاتوں اور دکانوں پر ذبح کیے جاتے ہیں اور بعد ازاں جعلی مہریں لگا کر شہر اور گردونواح میں فروخت کر دیے جاتے ہیں۔ چوک بخاری، غوثیہ چوک، چونگی نمبر 6، میلسی چوک، چاندنی چوک، حفظ القرآن چوک، ڈیرہ نواب احسان، ریلوے چوک سمیت دیگر علاقوں میں یہی صورت حال دیکھنے میں آ رہی ہے ۔شہریوں نے بتایا کہ مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی، بعض اوقات معمولی جرمانہ کر کے معاملہ رفع دفع کر دیا جاتا ہے ۔دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ بہت کم ہیں اور ان پر فروخت ممکن نہیں ہے ۔ شہریوں ارشد فاروق، جمیل، کامران، جنید، اکرام، اسلم، بلال، ثمینہ، روبینہ اور دیگر نے کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں