بارڈر پولیس کو جدید اسلحہ فراہم کرنیکا اعلان
ملتان ٹریننگ کالج میں بارڈر ملٹری پولیس، بلوچ لیویز کے جوانوں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ، جوانوں کی جدید خطوط پر تربیت کا عزم،بھرتی میں میرٹ کو پیش نظر رکھنے کے احکاماتکمشنر ملتان عامر کریم ،سی پی او،کمانڈنٹ ٹریننگ کالج صادق علی ڈوگر، ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان عثمان خالد، ڈی سی ملتان نعمان صدیق، ڈی سی راجن پور عمران حسین ودیگر کی شرکت
ڈیرہ غازیخان(ڈسٹرکٹ رپورٹر )پولیس ٹریننگ کالج ملتان میں باڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیویز کے جوانوں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پُروقار تقریب،بارڈر ملٹری پولیس کو جدید اسلحہ سے لیس کرنے کا اعلان، کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چودھری نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی۔ کمشنر ملتان عامر کریم تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ سی پی او ملتان، کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج ملتان صادق علی ڈوگر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان عثمان خالد ڈپٹی کمشنر ملتان نعمان صدیق ڈپٹی کمشنر راجن پور عمران حسین اور ایس ایس پی آپریشن ملتان حیدر علی بھی تقریب میں موجود تھے ۔پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر اشفاق احمد چودھری نے کہا کہ اہلکاروں کی بھرتی مکمل طور پر میرٹ پر کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فورس کو جدید اور معیاری تربیت فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو مزید مؤثر انداز میں برقرار رکھا جا سکے ۔کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ باڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیویز کے جوانوں کا قیامِ امن میں کردار نہایت اہم ہے اور یہ فورسز مشکل حالات میں فرنٹ لائن پر خدمات انجام دے رہی ہیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ تربیت مکمل کرنے والے اہلکار پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور دیانت داری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے انہوں نے اہلکاروں کی تربیت میں تعاون پر آئی جی پنجاب اور کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج ملتان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔تقریب میں مہمانوں نے باڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیوی کے تربیت یافتہ جوانوں کی پاسنگ آوٹ پریڈ کا معائنہ کیا۔تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں میں اسناد تقسیم کیں اور ان کے روشن مستقبل کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔