پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کا سکولوں میں ڈیجیٹل کیمرے لگانے کا فیصلہ

پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کا سکولوں میں ڈیجیٹل کیمرے لگانے کا فیصلہ

طلبہ کی حاضری کی مانیٹرنگ کی جائے گی،حاضری چہرے کی شناخت سے خود کار سسٹم کے تحت لگے گی، نظم وضبط بہتر ہوگا اقدام کا مقصد تعلیمی نظام میں شفافیت، درست ڈیٹا کے حصول اور حاضری کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا،حکام

ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پی ای ایف) نے طلبہ کی انرولمنٹ اور حاضری کی مؤثر مانیٹرنگ کے لیے اپنے تحت چلنے والے سکولوں میں سی سی ٹی وی اور جدید ڈیجیٹل کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ اس اقدام کا مقصد تعلیمی نظام میں شفافیت، درست ڈیٹا کے حصول اور حاضری کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہے ۔ حکام کے مطابق یہ منصوبہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کے تعاون سے مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق منتخب سکولوں میں ڈیجیٹل کیمرے نصب کیے جائیں گے جن کے ذریعے طلبہ کی انرولمنٹ اور روزانہ کی بنیاد پر حاضری کی نگرانی ممکن ہو سکے گی۔ اس جدید نظام کے تحت فیس ریکگنیشن ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی، جس سے طلبہ کی حاضری چہرے کی شناخت کے ذریعے خودکار طور پر لگائی جا سکے گی۔ اس عمل سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ حاضری میں کسی بھی قسم کی غلطی یا جعلسازی کے امکانات بھی کم ہو جائیں گے ۔منیجنگ ڈائریکٹر پی ای ایف محمد شاہد نے بتایا کہ رواں سال ہی ڈیجیٹل کیمروں کی تنصیب کا آغاز کر دیا جائے گا اور ابتدائی مرحلے میں ان سکولوں کو ترجیح دی جائے گی جہاں انرولمنٹ اور حاضری کے اعداد و شمار کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اساتذہ اور انتظامیہ کو طلبہ کی تعلیمی پیش رفت پر نظر رکھنے میں مدد ملے گی، جبکہ والدین کا اعتماد بھی بڑھے گا۔پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن حکام کے مطابق اس منصوبے سے سکولوں میں نظم و ضبط کو فروغ ملے گا اور تعلیمی وسائل کے درست استعمال کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ مزید برآں، حاصل ہونے والا ڈیٹا تعلیمی پالیسی سازی اور مستقبل کے منصوبوں میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں