ملتان کی خواتین معاشی میدان میں فعال،طاہرہ نجم
انجمن تجارت پیشہ خواتین کی کانفرنس ماہ صیام کے بعد منعقد کی جائیگی
ملتان (لیڈی رپورٹر) انجمن تجارت، ملازمت و زراعت پیشہ خواتین ملتان کا ایک اہم اجلاس صدر طاہرہ نجم کی صدارت میں بلقیس زاہد کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں سالانہ قومی کانفرنس کی تیاریوں، استقبالِ رمضان المبارک اور اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر انجمن طاہرہ نجم نے کہا کہ انجمن تجارت، ملازمت و زراعت پیشہ خواتین پاکستان کی سالانہ قومی کانفرنس عیدالفطر کے بعد ملتان میں منعقد ہوگی، جس میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں سے مندوبین شرکت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد خواتین کو تجارت، ملازمت اور زراعت کے شعبوں میں درپیش مسائل اور مواقع پر مؤثر مکالمے کا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کانفرنس کے دوران ملک بھر سے آنے والی مندوب خواتین مختلف تقریبات میں شرکت کریں گی، جبکہ انجمن کے جاری پراجیکٹس کے دورے بھی کروائے جائیں گے تاکہ عملی سرگرمیوں سے آگاہی حاصل کی جا سکے ۔ طاہرہ نجم نے کہا کہ ملتان کی خواتین معاشی میدان میں مثبت اور فعال کردار ادا کر رہی ہیں، یہ کانفرنس ان کی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کرنے کا ذریعہ بنے گی۔اجلاس میں اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے صدر انجمن نے کہا کہ ایسے بزدلانہ واقعات ملک کے امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور معصوم جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس ہے ۔