40 من مضر صحت گوشت برآمد،3 افراد کے خلاف مقدمہ
چوک سرورشہید میں مختلف علاقوں میں کارروائی، گوشت کو تلف کردیا گیا
کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی،40 من مضر صحت گوشت برآمد،3 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا عمل شروع۔ تفصیل کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن ملاوٹ سے پاک،محفوظ پنجاب کے تحت پنجاب فوڈ اتھارٹی ساؤتھ پنجاب کے آپریشن ڈائریکٹر شہزاد مگسی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ چوک سرورشہید کے مختلف مقامات پر خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کی جہاں سے تقریباً 40 من مضر صحت اور ناقابل استعمال گوشت برآمد کر لیا گیا۔حکام کے مطابق برآمدہونے والاگوشت غیرمعیاری، بدبودار اور انسانی صحت کیلئے خطرناک تھا جسے مبینہ طور پر فروخت کیلئے تیار کیاجارہاتھا،کارروائی کے دوران پولیس بھی موقع پرموجود رہی جبکہ فوڈ اتھارٹی نے تمام برآمد شدہ گوشت کو اپنی تحویل میں لے کر موقع پر ہی تلف کر دیا ۔ آپریشن ڈائریکٹر شہزاد مگسی نے کہا کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو بھی مضر صحت اشیاء کی فروخت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق کارروائی میں ملوث 3 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے ۔ فوڈ اتھارٹی حکام نے واضح کیا کہ ساؤتھ پنجاب میں مضر صحت اشیائے خوردونوش کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی ۔