بیوی کے روٹھنے پر شوہر کاحملہ، سسرالی افراد اور بچے زخمی
ساتھیوں کے ہمراہ تشدد کا نشانہ بنایا، مقدمہ درج،ملزموں کی تلاش جاری
گگومنڈی (نامہ نگار) بیوی کے روٹھ کر میکے جانے پر شوہر نے مسلح ساتھیوں سمیت سسرال پر دھاوا بول دیا اور اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔تفصیلات کے مطابق نواحی گاؤں 277ای بی کے رہائشی محمد امتیاز اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گھر میں موجود تھے کہ رات قریب 9 بجے ان کا داماد محمد ندیم اپنے ساتھیوں قیصر عباس، کامران اور علی شیر کے ساتھ گھر میں داخل ہو گیا۔ ملزمان نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے مبینہ طور پر اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔تشدد کے نتیجہ میں محمد امتیاز، ان کی اہلیہ ظفراں بی بی، بیٹا سہیل اور کمسن بچے زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کر دی گئی۔پولیس کے مطابق سکینہ بی بی اپنے شوہر محمد ندیم سے ناراض ہو کر والد کے گھر آئی ہوئی تھی جس پر ملزم طیش میں آ گیا اور ساتھیوں سمیت حملہ کر دیا۔تھانہ گگومنڈی پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزموں کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے ۔