ایگری مالز کسانوں کو سہولیات پہنچانے کا ذریعہ ،فوادہاشم
برطانوی ہائی کمشنر کا دورہ ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب سے ملاقات
ملتان (وقائع نگار خصوصی)برطانوی ہائی کمشنر مسٹر بین وارگٹن نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب بہاولپور کا دورہ کیا اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات میں مختلف انتظامی اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جنوبی پنجاب میں گزشتہ سال آنے والے شدید سیلاب کے اثرات اور کئے گئے ریلیف اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر زراعت، تعلیم، صحت، لائیو سٹاک اور امپورٹ ایکسپورٹ پوٹینشل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔برطانوی ہائی کمشنر نے عوامی سہولیات کی فراہمی میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے مؤثر کردار کو سراہا۔ انہوں نے بہاولنگر میں حلال گوشت کی ایکسپورٹ کے لئے عالمی معیار کے سلاٹر ہاؤس کے قیام اور جدید پیکجنگ سے متعلق ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی تجویز کی تعریف کی۔فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر اداروں کی مانیٹرنگ میں بہتری آئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بہاولپور اور ملتان ایگری مالز کے ذریعے کسانوں کو ایک ہی چھت تلے مؤثر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پنجاب میں الیکٹرانک فائلنگ سسٹم کا آغاز بھی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ سے ہوا جس سے شفافیت اور جوابدہی کو فروغ ملا۔برطانوی ہائی کمشنر نے تھل اور چولستان جیپ ریلی میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں تعلیم، صحت، زراعت اور سیاحت کے شعبوں میں وسیع امکانات موجود ہیں ۔