پی ٹی آئی نے 10 لاکھ کا مفت علاج فراہم کیا، تیمور مہے
بانی کو جیل میں طبی سہولیات فراہم نہیں کی جارہیں،بینائی شدید متاثر
ملتان (لیڈی رپورٹر)ٹکٹ ہولڈر تحریک انصاف این اے 148بیرسٹر ملک تیمور الطاف مہے نے کہا ہے کہ بانی تحریک انصاف نے عوام کو جدید شوکت خانم ہسپتال دیا اور شناختی کارڈ کو صحت کارڈ سے منسلک کر کے ہر شہری کو دس لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کھیلوں کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کیا اور سیاست میں بھی نمایاں مقام حاصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کو جیل میں بہتر طبی سہولتیں فراہم نہیں کی جا رہیں۔ ان کے مطابق آنکھوں کے انفیکشن کا بروقت اور معیاری علاج نہ ہونے کے باعث بینائی متاثر ہوئی۔بیرسٹر تیمور مہے نے مطالبہ کیا کہ بانی تحریک انصاف کو مکمل طبی سہولتیں فراہم کی جائیں اور عدالتی حکم کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر اہل خانہ، وکلا اور ڈاکٹرز سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام سپریم کورٹ سے اپیل کرتے ہیں کہ صحت کے معاملات میں مبینہ غفلت برتنے والے جیل عملے کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔